پی ایس ایل 11 کا کامیاب اختتام؛ اگلے سال نئے شہروں کو میزبانی ملے گی، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا بڑا اعلان
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے کامیاب اختتام پر شائقینِ کرکٹ کے لیے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے اگلے سال نئے وینیوز (مقامات) شامل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ایس ایل 11 کے فائنل کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 12 اس سال سے بھی زیادہ بڑا اور بہتر ایونٹ ہوگا۔
محسن نقوی نے فائنل کے دوران لاہور کے شائقین کے جوش و جذبے اور نظم و ضبط کو سراہتے ہوئے ‘زندہ دلانِ لاہور’ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قذافی اسٹیڈیم میں شائقین کا جوش و خروش دیدنی تھا اور جس طرح انہوں نے دونوں ٹیموں کو دل کھول کر داد دی، اس نے ثابت کر دیا کہ لاہور کے شہری کرکٹ سے والہانہ لگاؤ رکھتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی سی بی نے انکشاف کیا کہ موجودہ حالات میں وزیراعظم سے اسٹیڈیم میں کراؤڈ کی اجازت لینا ایک مشکل مرحلہ تھا۔ وزیراعظم چاہتے تھے کہ پیٹرول کا کم سے کم استعمال ہو، تاہم کھیل میں ان کی اپنی ذاتی دلچسپی اور شائقین کی خواہش کے پیشِ نظر اجازت دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے ایڈیشن میں میزبانی کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا اور مزید شہروں میں میچز منعقد کرائے جائیں گے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 11 کے فائنل میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔ حیدرآباد کنگز مین کے کپتان مارنوس لبوشین نے اپنی ٹیم کے سفر کو "معجزہ” قرار دیا تھا، جبکہ پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی 56 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔ قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والی اس رنگا رنگ تقریب میں عاطف اسلم، علی عظمت اور آئمہ بیگ جیسی نامور شخصیات نے اپنی پرفارمنس سے شائقین کا لہو گرمایا۔
محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی سی بی پاکستان میں عالمی معیار کی کرکٹ لانے کے لیے پرعزم ہے اور پی ایس ایل کا اگلا سیزن کرکٹ کے فروغ کے لیے نئے سنگِ میل عبور کرے گا۔

