لاہور میں پی ایس ایل 11 کے فائنل کا میلہ سجنے کو تیار؛ شائقین کے لیے داخلے کے راستوں اور سکیورٹی کا پلان جاری

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کا بڑا فائنل پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ اس اہم معرکے سے قبل حیدرآباد کنگزمین کے کپتان مارنوس لبوشین نے اپنی ٹیم کے سفر کو "معجزہ” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل 4 شکستوں کے بعد یہاں تک پہنچنا ان کے یقین اور بہترین منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔

مارنوس لبوشین کا کہنا تھا کہ "ہمارے لیے یہ ایک بہترین موقع ہے، ہمیں خود پر یقین تھا جس کی وجہ سے ہم یہاں پہنچے۔” انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی کے خلاف 100 سے زائد رنز کی جیت اور گزشتہ روز 6 رنز کا کامیاب دفاع کرنا کسی معجزے سے کم نہیں تھا، لیکن اس کے پیچھے کھلاڑیوں کی مہارت اور ٹیم کا پلان شامل تھا۔ لبوشین، جو پہلی بار پی ایس ایل کا حصہ بنے ہیں، اپنی کپتانی اور ٹی ٹوئنٹی اسکلز میں بہتری پر خوش ہیں اور فائنل جیت کر ٹرافی اٹھانے کے لیے پرامید ہیں۔

دوسری جانب پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے بھی ٹائٹل کے حصول کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹیلنٹ کی درست شناخت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، بس کھلاڑیوں کو ان کے موزوں فارمیٹ کے مطابق مواقع ملنے چاہئیں۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ میدان میں اپنی کارکردگی سے تنقید کا جواب دینے پر یقین رکھتے ہیں اور ان کی پوری کوشش ہوگی کہ اس بار زلمی کے لیے ٹرافی جیتیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فائنل کے لیے انعامی رقم کے حوالے سے بڑے اعلانات کیے ہیں۔ پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار فاتح ٹیم کو 5 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم کے ساتھ ساتھ اضافی 5 لاکھ ڈالر بھی دیے جائیں گے، یوں فاتح ٹیم مجموعی طور پر 10 لاکھ ڈالر سمیٹے گی۔ رنر اپ ٹیم کو 2 لاکھ ڈالر کے ساتھ 3 لاکھ ڈالر کی اضافی رقم دی جائے گی۔ بہترین پلیئر ڈویلپمنٹ پر فرنچائز کو 2 لاکھ ڈالر کا انعام ملے گا۔

فائنل میچ کے لیے ایمپائرز احسن رضا اور کرسٹوفر گیفینی ہوں گے جبکہ روشن مہاناما میچ ریفری کے فرائض سرانجام دیں گے۔ پی سی بی نے شائقین کے لیے بھی خصوصی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ اسٹیڈیم میں داخلے کے دوران کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ حیدرآباد کنگزمین کے لیے ایک چیلنج ان کے بولر محمد علی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ بھی ہے، تاہم ٹیم فائنل کے لیے بھرپور جوش و خروش میں دکھائی دیتی ہے۔