وینکوور: فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے تمام تر سیاسی اور سفارتی پیچیدگیوں کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے واضح اعلان کیا ہے کہ ایران نے امریکا میں شیڈول فیفا ورلڈ کپ 2026 کھیلنے کی تصدیق کر دی ہے۔
وینکوور میں فیفا کانگریس کے دوران خطاب کرتے ہوئے جیانی انفانٹینو نے کہا کہ ایران نہ صرف اس میگا ایونٹ کا حصہ ہوگا بلکہ اپنے تمام میچز امریکا کی سرزمین پر ہی کھیلے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ "فٹبال کا بنیادی مقصد قوموں کو متحد کرنا ہے” اور اسی اصول کے تحت کسی بھی ملک کے میچز کو سیاسی بنیادوں پر منتقل نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 2026 کا ورلڈ کپ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہو رہا ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث ایران نے باقاعدہ درخواست کی تھی کہ اس کے میچز امریکا کے بجائے کینیڈا یا میکسیکو منتقل کیے جائیں، تاہم فیفا انتظامیہ نے اس مطالبے کو تکنیکی اور تنظیمی بنیادوں پر مسترد کر دیا۔
دوسری جانب امریکی حکام نے ایرانی ٹیم کی شرکت کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے لیکن ساتھ ہی یہ واضح کیا ہے کہ سیکیورٹی پروٹوکول اور ویزا پالیسی کے تحت سخت اسکریننگ کی جائے گی۔ خاص طور پر ان افراد کے لیے ویزا کا حصول مشکل ہو سکتا ہے جن کے تعلقات مخصوص ایرانی اداروں سے رہے ہیں۔
ایران پہلے ہی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے، جو کہ عالمی کپ میں اس کی مجموعی طور پر ساتویں شرکت ہوگی۔ اگرچہ فیفا صدر نے ایران کی شرکت کا دعویٰ کیا ہے، لیکن ایران کی فٹبال فیڈریشن نے تاحال اس بیان پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور فیفا کانگریس میں ان کی عدم شرکت نے شکوک و شبہات کو برقرار رکھا ہوا ہے۔

