پی ایس ایل 11؛ حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کا سفر تمام کر دیا، 8 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے کر ایلیمینیٹر 2 میں جگہ بنا لی
لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے پہلے ایلیمینیٹر میں حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 8 وکٹوں سے شکست دے دی، اس شکست کے ساتھ ہی سابق چیمپیئن ملتان سلطانز ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے۔
حیدرآباد کنگز مین کے کپتان مارنس لبوشین نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ ملتان سلطانز کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 159 رنز ہی بنا سکی۔
اوپنر شان مسعود نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور 46 گیندوں پر 69 رنز کی ناقابلِ شکست باری کھیلی، مگر دوسرے اینڈ سے انہیں کسی بیٹر کا ساتھ نہ مل سکا۔ محمد نواز 18 اور اسٹیو اسمتھ صرف 13 رنز بنا سکے۔
کنگز مین کی جانب سے محمد علی، حنین شاہ اور عاکف جاوید نے 2، 2 شکار کیے۔
160 رنز کا ہدف حیدرآباد کنگز مین نے انتہائی جارحانہ انداز میں صرف 15.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
معاذ صداقت نے 64 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو جیت کی دہلیز پر پہنچایا، جبکہ ان کا بھرپور ساتھ عثمان خان نے دیا جنہوں نے 35 گیندوں پر 64 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ صائم ایوب 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز کو باہر کرنے کے بعد اب حیدرآباد کنگز مین جمعہ کو ایلیمینیٹر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکرائے گی۔
اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں پشاور زلمی کے خلاف میدان میں اترے گی، جو پہلے ہی کوالیفائر میں اسلام آباد کو ہرا کر فائنل کا ٹکٹ کٹا چکی ہے۔

