کراچی: نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 کے 18ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے راولپنڈیز کو 61 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی دوسری کامیابی حاصل کر لی ہے۔
راولپنڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹرز نے اس فیصلے کو غلط ثابت کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔
کوئٹہ کی جانب سے رائلی روسو 53 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کپتان سعود شکیل نے 42 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ نوجوان بیٹر حسن نواز نے محض 16 گیندوں پر 39 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر مجمع لوٹ لیا، جبکہ جہانداد خان نے آخری لمحات میں صرف 6 گیندوں پر 21 رنز بنا کر اسکور کو مستحکم کیا۔
راولپنڈیز کی جانب سے بین سیئرز نے 3 اور محمد عامر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
183 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں راولپنڈیز کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 17.3 اوورز میں محض 121 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ کپتان محمد رضوان ایک بار پھر ناکام رہے اور بغیر کوئی رن بنائے صفر پر آؤٹ ہوئے، جس نے ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا۔
راولپنڈیز کی جانب سے سعد مسعود 31 اور ڈیرل مچل 30 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی، لیکن کوئٹہ کے باؤلرز کے سامنے بے بس نظر آئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جہانداد خان، عثمان طارق اور سعود شکیل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد اور کاشف بھٹی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
اس فتح کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن بہتر کر لی ہے، انہوں نے اب تک 5 میچ کھیل کر 2 میں جیت حاصل کی ہے۔
دوسری جانب راولپنڈیز کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے، جو اپنے تمام 5 میچز ہار کر پوائنٹس ٹیبل پر صفر پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے۔ پی ایس ایل 11 کے پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت ملتان سلطانز 8 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جس نے 5 میں سے 4 میچز جیت رکھے ہیں۔
ماہرین کے مطابق راولپنڈیز کی مسلسل شکستوں اور کپتان محمد رضوان کی آؤٹ آف فارم کارکردگی ٹیم کے لیے بڑے سوالات کھڑے کر رہی ہے، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اس جیت کے بعد نئے عزم کے ساتھ اگلے مرحلے کی جانب قدم بڑھا رہی ہے۔

