کراچی: نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ 11 کے 15ویں میچ میں پشاور زلمی نے ایک اعصاب شکن مقابلے کے بعد حیدرآباد کنگز مین کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے باؤلرز نے درست ثابت کر دکھایا۔ حیدرآباد کنگز مین کی پوری ٹیم 18.2 اوورز میں 145 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
کنگز مین کی جانب سے کوشل پریرا 58 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کپتان مارنس لبوشین نے 27 اور معاذ صداقت نے 17 رنز جوڑے، تاہم دیگر بیٹرز پشاور کی باؤلنگ لائن کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے افتخار احمد اور سفیان مقیم نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ عامر جمال نے ایک وکٹ حاصل کی۔
146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی بیٹنگ کا آغاز محتاط رہا۔ کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 43 رنز کی اننگز کھیلی جس نے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔
دیگر بلے بازوں میں کوشل مینڈس نے 27 اور مائیکل بریس ویل نے 25 رنز بنا کر ہدف کے حصول کو ممکن بنایا۔ میچ اس وقت انتہائی دلچسپ صورتحال اختیار کر گیا جب زلمی کو آخری اوور میں جیت کے لیے 14 رنز درکار تھے، تاہم افتخار احمد اور عامر جمال نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے آخری اوور کی آخری گیند پر مطلوبہ ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے صائم ایوب نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حنین شاہ، محمد علی اور حسان خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، مگر وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
کھیل کے میدان سے ایک بڑا پیغام اس وقت سامنے آیا جب میچ کے آغاز پر پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے ٹاس کے موقع پر علامتی طور پر امن کی فاختہ اڑائی۔
اس موقع پر بابر اعظم، مارنس لبوشین اور میچ ریفری روشن ماہنامہ بھی موجود تھے جبکہ ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ جنگ بندی میں پاکستان حکومت کے کامیاب سفارتی کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اس فتح کے بعد پشاور زلمی کے پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے، جبکہ حیدرآباد کنگز مین کو ٹورنامنٹ میں بقا کے لیے اپنی کارکردگی پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔ آخری گیند تک جاری رہنے والے اس سنسنی خیز مقابلے نے شائقینِ کرکٹ کا لہو گرما دیا۔

