لاہور: پاکستان سپر لیگ کے سیزن 11 سے گوداکیش موتی اور بلیسنگ موزاربانی نے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد فرنچائزز کو اسکواڈ میں تبدیلیاں کرنا پڑیں گی۔
ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر گوداکیش موتی لاہور قلندرز کے اسکواڈ کا حصہ تھے اور انہوں نے اپنے فیصلے سے فرنچائز انتظامیہ کو آگاہ کر دیا۔ کرکٹ ویب سائٹس کے مطابق انہوں نے سفری مشکلات کے باعث لیگ سے دستبرداری اختیار کی۔
لاہور قلندرز انتظامیہ کے مطابق گوداکیش موتی کی جگہ سری لنکا کے اسپن آل راؤنڈر دنیتھ ویلالاگے کو اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا اور اس کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔
دوسری جانب زمبابوے کے فاسٹ بولر بلیسنگ موزاربانی، جو اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ تھے، انہوں نے بھی پی ایس ایل 11 میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ رپورٹس کے مطابق موزاربانی نے بھارت کی لیگ انڈین پریمیئر لیگ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے موزاربانی کی جانب سے معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی پر قانونی کارروائی پر غور شروع کر دیا ہے کیونکہ انہوں نے پی ایس ایل معاہدے کے دوران آئی پی ایل فرنچائز کے ساتھ ڈیل کی۔
کھلاڑیوں کی دستبرداری کے بعد متعلقہ فرنچائزز اب متبادل کھلاڑیوں کی تلاش میں مصروف ہیں تاکہ لیگ شروع ہونے سے پہلے اسکواڈ کو مکمل کیا جا سکے۔

