بنگلادیش کو دوسرے ون ڈے میں 128 رنز سے شکست، پاکستان نے سیریز برابر کردی

ڈھاکا: پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں بنگلادیش کرکٹ ٹیم کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 128 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

ڈھاکا میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48 اوورز میں 274 رنز بناکر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ بارش کے باعث میچ متاثر ہوا جس کے بعد بنگلادیش کو 32 اوورز میں 243 رنز کا ہدف دیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے نوجوان بلے باز معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 75 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ سلمان علی آغا نے بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 64 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 31 اور فہیم اشرف نے 14 رنز اسکور کیے۔

بنگلادیش کی جانب سے رشاد حسین نے 3 جبکہ مہدی حسن میراز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 24 اوورز میں 114 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بنگلادیش کے لیے لٹن داس 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ توحید ہردوئے نے 28 اور سیف حسن نے 12 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور معاذ صداقت نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد وسیم اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

128 رنز کی بڑی کامیابی کے بعد 3 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے جبکہ سیریز کا فیصلہ کن میچ 15 مارچ کو کھیلا جائے گا۔