تہران: ایران نے رواں سال امریکا میں ہونے والے فیفا فٹبال ورلڈکپ 2026 میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزیر کھیل احمد دنیا مالی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ایران کے لیے امریکا میں ہونے والے ورلڈکپ میں شرکت ممکن نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے ہمارے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو شہید کیے جانے کے بعد ایران کے لیے امریکا میں جا کر کھیلنا ممکن نہیں رہا۔
ایرانی وزیر کھیل نے کہا کہ ایسے حالات میں ورلڈکپ میں شرکت کا کوئی جواز نہیں بنتا اور ایران کے شہریوں اور کھلاڑیوں کی سلامتی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث ایران اس وقت کھیلوں کی سرگرمیوں پر توجہ دینے کی پوزیشن میں نہیں اور جب تک حالات معمول پر نہیں آتے عالمی مقابلوں میں شرکت مشکل ہے۔
واضح رہے کہ فیفا فٹبال ورلڈکپ 2026 امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں کھیلا جائے گا جبکہ ایران نے ایشیائی کوالیفائنگ راؤنڈ میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق اگر ایران باضابطہ طور پر ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوتا ہے تو فیفا کو اس کی جگہ کسی اور ٹیم کو شامل کرنا پڑ سکتا ہے۔

