پاکستان نے جاپان کو 3-4 سے ہرا کر 8 سال بعد ہاکی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا

مصر میں جاری ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر کے سیمی فائنل میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جاپان کو 3-4 سے شکست دے کر 8 سال بعد ہاکی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

میچ کے دوران قومی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور جاپان کے خلاف اہم لمحات میں برتری برقرار رکھی۔ پاکستان کی جانب سے سفیان خان، ابو محمد، محمد عماد اور افراز نے ایک، ایک گول اسکور کیا جس کی بدولت ٹیم نے فیصلہ کن کامیابی حاصل کی۔

مقابلے کے آخری لمحات میں جاپان کو میچ کے اختتام سے تقریباً 4 منٹ قبل پنالٹی اسٹروک ملا، تاہم قومی ٹیم کے گول کیپر علی رضا نے شاندار سیو کرتے ہوئے گول روک دیا اور پاکستان کو اہم فتح دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے نہ صرف کوالیفائر کا فائنل کھیلنے کا حق حاصل کرلیا بلکہ 2018 کے بعد پہلی بار ہاکی ورلڈ کپ کیلئے بھی کوالیفائی کرلیا۔ گزشتہ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کوالیفائی نہیں کرسکی تھی۔

واضح رہے کہ مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026، 14 سے 30 اگست تک بیلجیم اور نیدرلینڈز میں کھیلا جائے گا جہاں دنیا کی بہترین ٹیمیں ٹائٹل کیلئے مدمقابل ہوں گی۔