آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 7 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے۔ سنجو سیمسن 89 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، انہوں نے 42 گیندوں پر 8 چوکے اور 7 چھکے لگائے۔
شیوام دوبے نے 43 رنز، ایشان کشن نے 39 رنز، ہاردک پانڈیا نے 27 رنز، تلک ورما نے 21 رنز جبکہ سوریا کمار یادیو نے 11 رنز اسکور کیے۔
انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس اور عادل رشید نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
254 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بنائے۔
جیکب بیتھل نے 48 گیندوں پر 105 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے، تاہم وہ ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔ ول جیکس نے 35 رنز اور جوز بٹلر نے 25 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت نے عمدہ فیلڈنگ اور دباؤ میں مؤثر بولنگ کی بدولت میچ 7 رنز سے اپنے نام کیا۔ سنجو سیمسن کو 89 رنز کی جارحانہ اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
فائنل اتوار 8 مارچ کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں کھیلا جائے گا، جبکہ پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

