آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ: نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی
کولکتہ میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقا نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔
مارکو یانسن 55 رنز بناکر ناقابلِ شکست رہے، جبکہ ڈیوالڈ بریوس نے 34 اور ٹریسٹن اسٹبز نے 29 رنز اسکور کیے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری، کول مکونچی اور رچن رویندرا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے جارحانہ آغاز کیا اور صرف 13 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 170 رنز مکمل کر لیے۔
اوپنر فن ایلن نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 33 گیندوں پر سنچری اسکور کی، جس میں 10 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ یہ ٹی20 ورلڈکپ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری ہے۔
ٹم سائفرٹ نے 58 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ رچن رویندرا 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل تیز ترین سنچری کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے سابق بیٹر کرس گیل کے پاس تھا، جنہوں نے 2016 میں انگلینڈ کے خلاف 47 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔
واضح رہے کہ ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ممبئی میں کھیلا جائے گا۔

