ملتان سلطانز کی پی ایس ایل میں واپسی

پاکستان سپر لیگ کے سیزن 11 میں شامل نئی فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز کو باضابطہ طور پر ملتان سلطانز کے نام سے ری برانڈ کر دیا گیا۔ اس تبدیلی کی تصدیق لیگ کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کی۔

پریس کانفرنس میں فرنچائز کے مالک حمزہ مجید اور سی ڈی وینچرز کے سربراہ گوہر شاہ بھی شریک تھے۔ حکام کے مطابق او زیڈ ڈیولپرز نے اسلام آباد میں ٹیم نیلامی کے دوران سیالکوٹ اسٹالینز کی فرنچائز 10 سال کے لیے 185 کروڑ روپے میں حاصل کی تھی، تاہم بعد ازاں سی ڈی وینچرز کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری طے پا گئی۔

اس شراکت کے تحت گوہر شاہ کو فرنچائز کا چیف ایگزیکٹو مقرر کیا گیا ہے جبکہ ٹیم کا نام تبدیل کر کے ملتان سلطانز رکھ دیا گیا ہے۔ سلمان نصیر کے مطابق اس تبدیلی کے بعد فرنچائز کی سالانہ مالیت بڑھ کر 2 ارب روپے ہو گئی ہے۔

گوہر شاہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی نمائندگی ان کے لیے انتہائی اہم ہے اور ملتان کی شناخت کو برقرار رکھنا ان کی اولین ترجیح تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اکیلا اسٹالین لیگ نہیں جیت سکتا، آگے بڑھنے کے لیے سلطان درکار ہوتا ہے اور وہ اسی جذبے کے ساتھ آئے ہیں۔

دوسری جانب ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین نے سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سات برس اس ٹیم کے ساتھ گزارے جو ان کی زندگی کے قابلِ فخر لمحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز صرف ایک کرکٹ ٹیم نہیں بلکہ جنوبی پنجاب کی پہچان اور آواز تھی، اور ٹیم کی واپسی پورے خطے کے لیے خوشی کا باعث ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 11 کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک ہوگا، جبکہ افتتاحی تقریب لاہور میں منعقد کیے جانے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔