ٹی20 ورلڈکپ 2026: بھارت کی ویسٹ انڈیز کے خلاف سنسنی خیز فتح، سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

ٹی20 ورلڈکپ 2026 کے سپر 8 مرحلے کے گروپ 1 کے اہم مقابلے میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز اسکور کیے اور بھارت کو 196 رنز کا ہدف دیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے روسٹن چیز نے 40 رنز بنائے جبکہ جیسن ہولڈر 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ رومان پاول نے 34، شائی ہوپ نے 32 اور شیمرون ہیٹمیئر نے 27 رنز اسکور کیے۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بھمراہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہاردک پانڈیا اور ویرون چکرورتی نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 196 رنز کا مطلوبہ اسکور 20 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

بھارت کے سنجو سیمسن 97 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے اور ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کے علاوہ تلک ورما نے 27 اور ہاردک پانڈیا نے 17 رنز بنائے۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی سیمی فائنل مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے بعد بھارت نے بھی آخری چار ٹیموں میں جگہ بنالی۔

سیمی فائنل میں جنوبی افریقا کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا جبکہ بھارت کا سامنا انگلینڈ سے ہوگا۔

پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہوگا۔