ٹی20 ورلڈکپ سپر 8: پاکستان کی 5 رنز سے فتح، مگر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر

آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 5 رنز سے شکست دے دی، تاہم مطلوبہ مارجن حاصل نہ کرپانے کے باعث قومی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔

پالیکیلے میں کھیلے گئے اہم میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئیں، بابر اعظم، صائم ایوب اور سلمان مرزا کو ڈراپ کرکے نسیم شاہ، خواجہ نافع اور ابرار احمد کو شامل کیا گیا۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز اسکور کیے۔ جواب میں سری لنکا کی ٹیم 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 207 رنز بناسکی اور یوں پاکستان نے میچ 5 رنز سے جیت لیا۔

قومی ٹیم کو سیمی فائنل میں رسائی کیلئے سری لنکا کو 147 یا اس سے کم اسکور پر آؤٹ کرنا ضروری تھا، مگر ایسا نہ ہوسکا اور بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا جبکہ انگلینڈ پہلے ہی کوالیفائی کرچکا تھا۔

پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ صاحبزادہ فرحان نے 59 گیندوں پر 100 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے، جبکہ فخر زمان نے 42 گیندوں پر 84 رنز اسکور کیے۔ دونوں کے درمیان پہلی وکٹ کیلئے 176 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم ہوئی۔

دیگر بیٹرز میں شاداب خان 7، شاہین شاہ آفریدی 4، خواجہ نافع 2، نسیم شاہ 1 رن بناسکے جبکہ محمد نواز اور آغا سلمان صفر پر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے داسن شناکا نے 31 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ پوون رتھنائیکے نے 58 رنز اسکور کیے۔ کامل مشارا 26 اور چرتھ اسالنکا 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی بولنگ میں ابرار احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ، محمد نواز اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

صاحبزادہ فرحان نے اس ایڈیشن میں اپنی دوسری سنچری اسکور کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی اور وہ ٹی20 ورلڈکپ کے ایک ایڈیشن میں 2 سنچریاں بنانے والے پہلے کرکٹر بن گئے۔