پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی کیلئے سری لنکا کے خلاف 65 رنز سے کامیابی درکار

آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی جس کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں برقرار ہیں۔

کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 159 رنز بنائے، تاہم انگلینڈ نے ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اس کامیابی کے بعد انگلینڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں پہلی پوزیشن پر پہنچ چکا ہے۔

نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد اب سیمی فائنل کی دوسری نشست کا فیصلہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ میں ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے پوائنٹس برابر ہونے کی صورت میں فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔

ماہرین کے اندازے کے مطابق پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی کیلئے سری لنکا کو کم از کم 65 رنز سے شکست دینا ہوگی۔ اگر سری لنکا پہلے بیٹنگ کرے تو پاکستان کو ہدف 13 اوورز کے اندر حاصل کرنا ہوگا، جبکہ بعض تجزیوں کے مطابق 13.1 اوورز میں ہدف مکمل کرنا بھی فیصلہ کن ثابت ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ اس گروپ سے انگلینڈ پہلے ہی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکا ہے جبکہ سری لنکا ٹورنامنٹ کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے۔