ٹی20 ورلڈ کپ 2026: بھارت کی زمبابوے کے خلاف 72 رنز سے شاندار فتح، سیمی فائنل کی امیدیں روشن

چنئی میں آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر 8 مرحلے کے اہم میچ میں بھارت نے زمبابوے کو 72 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مضبوط کرلی۔ زمبابوے کی ٹیم 257 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 184 رنز بناسکی۔

زمبابوے نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم بھارتی بیٹرز نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ پر 256 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔

اننگز کے دوران بھارتی کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 17 چھکے لگائے اور ایونٹ کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور قائم کیا۔

بھارت کی جانب سے سنجو سیمسن نے 24، ابھیشیک شرما نے 55، ایشان کشن نے 38 اور کپتان سوریا کمار یادیو نے 33 رنز اسکور کیے۔

اختتامی اوورز میں ہاردک پانڈیا نے 23 گیندوں پر 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ تلک ورما 16 گیندوں پر 44 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ یہ ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا اسکور بھی ہے۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی جانب سے اوپنر برائن بینیٹ نے 97 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان سکندر رضا نے 31 رنز بنائے، تاہم دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ بھارت کی طرف سے ارشدیپ سنگھ نے 3 وکٹ حاصل کیں۔

اس شکست کے بعد زمبابوے کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی جبکہ گروپ 1 سے جنوبی افریقہ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے۔

دوسری سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کے بعد ہوگا۔ جو ٹیم کامیاب ہوگی وہ اگلے مرحلے میں جگہ بنالے گی۔