جنوبی افریقہ ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹ سے شکست دے کر سیمی فائنل کی راہ ہموار کرلی۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 176 رنز اسکور کیے۔ ابتدائی اوورز میں اچھا آغاز ملنے کے باوجود وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔

10.2 اوورز میں 83 رنز پر ساتویں وکٹ گرنے کے بعد جیسن ہولڈر اور روماریو شیفرڈ نے آٹھویں وکٹ کے لیے 89 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔ جیسن ہولڈر 49 رنز بنا کر آخری اوور میں رن آؤٹ ہوئے جبکہ روماریو شیفرڈ 52 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی نگیدی نے 3 جبکہ کگیسو ربادا اور کوربن بوش نے 2،2 وکٹ حاصل کیں۔

177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پروٹیز بیٹرز نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور صرف 16.1 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔

کپتان ایڈن مارکرم نے 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، کوئنٹن ڈی کوک نے 47 جبکہ ریان رکلٹن نے 45 رنز بنا کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ جنوبی افریقہ نے 23 گیندیں قبل کامیابی سمیٹ لی۔

گروپ ون میں جنوبی افریقہ 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگیا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز دوسرے، بھارت تیسرے اور زمبابوے چوتھے نمبر پر موجود ہے۔