نیوزی لینڈ کی سری لنکا کو 61 رنز سے شکست، پاکستان کی سیمی فائنل امیدیں مدھم

کولمبو: سپر 8 مرحلے کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 61 رنز سے شکست دے کر نہ صرف میزبان ٹیم کو ایونٹ سے باہر کردیا بلکہ پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی بھی مشکل بنا دی۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔

کپتان مچل سینٹنر 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کول میکونچی نے ناٹ آؤٹ 31 رنز اسکور کیے۔ رچن رویندرا نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔

جواب میں سری لنکا کی ٹیم 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 107 رنز ہی بنا سکی۔

کمیندو مینڈس 31 اور دونتھ ویلالگے 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تاہم دیگر بلے باز ناکام رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے رچن رویندرا نے 4 جبکہ میٹ ہینری نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس کامیابی کے بعد نیوزی لینڈ کا رن ریٹ پلس 3.05 ہوگیا جبکہ پاکستان کا رن ریٹ مائنس 0.46 ہے۔ اگر نیوزی لینڈ اپنا اگلا میچ جیت لیتا ہے تو پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گا، جبکہ کیویز کی شکست کی صورت میں بھی پاکستان کو بڑے مارجن سے کامیابی درکار ہوگی۔

واضح رہے کہ اس گروپ سے انگلینڈ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔