آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے میں انگلینڈ نے کپتان ہیری بروک کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
پالی کیلے میں کھیلے گئے اہم میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ فخر زمان اور بابر اعظم نے 25، 25 رنز اسکور کیے جبکہ شاداب خان 23 رنز بنا سکے۔ صائم ایوب 7، عثمان خان 8، سلمان آغا 5، شاہین آفریدی 2 اور محمد نواز 0 پر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاؤسن نے 3 جبکہ جوفرا آرچر اور جیمی اوورٹن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ابتدا مشکلات کا شکار رہی اور پہلی وکٹ صفر پر گر گئی جب فل سالٹ شاہین آفریدی کا شکار بنے۔ جوز بٹلر 2 اور جیکب بیتھل 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ ٹام بینٹن بھی 2 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
تاہم کپتان ہیری بروک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 100 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ ول جیکس نے 28 رنز بنا کر اہم ساتھ دیا۔ انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 جبکہ محمد نواز اور عثمان طارق نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ سپر 8 مرحلے سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
واضح رہے کہ سپر 8 میں پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ ملا تھا۔
پاکستان اپنا آخری میچ سری لنکا کے خلاف 28 فروری کو کھیلے گا۔

