ویسٹ انڈیز کی بڑے مارجن سے فتح، بھارت کی سیمی فائنل امیدیں خطرے میں

ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو 107 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر گروپ 1 کی صورتحال دلچسپ بنا دی اور بھارت کے لیے مشکلات بڑھا دیں۔

ویسٹ انڈیز کی 107 رنز کی بڑی فتح کے ساتھ سپر ایٹ مرحلے میں گروپ 1 کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آگئی۔ ویسٹ انڈیز کا نیٹ رن ریٹ 5.350 ہے اور اس کے 2 پوائنٹس ہیں۔

گروپ 1 میں جنوبی افریقا بھی 2 پوائنٹس کے ساتھ 3.800 کے نیٹ رن ریٹ پر دوسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ بھارت بغیر کسی پوائنٹ کے منفی 3.800 نیٹ رن ریٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ زمبابوے چوتھی پوزیشن پر ہے۔

بھارت کو اب ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے خلاف اپنے باقی 2 میچز کھیلنا ہیں۔

سیمی فائنل میں رسائی کے لیے بھارت کو نہ صرف دونوں میچز جیتنا ہوں گے بلکہ بڑے مارجن سے کامیابی بھی حاصل کرنا ہوگی، کیونکہ پوائنٹس برابر ہونے کی صورت میں فیصلہ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا، جہاں بھارت کی پوزیشن اس وقت کمزور دکھائی دے رہی ہے۔