ٹی20 ورلڈکپ سپر ایٹ: ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو 107 رنز سے شکست دے دی

ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے کے 44ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو 107 رنز سے شکست دے دی۔

زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو اسے مہنگا پڑا۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنائے۔ اننگز کے دوران 19 چھکے اور 16 چوکے لگائے گئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیمرون ہیٹ مائر نے 34 گیندوں پر 85 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 7 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے صرف 19 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی جو ٹی20 ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے تیز ترین نصف سنچری ہے۔ روومن پاول نے 59 اور شیرفین ردرفورڈ نے 31 رنز اسکور کیے۔

یہ ٹی20 ورلڈکپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا اسکور ہے، جبکہ سب سے بڑا اسکور 260 رنز سری لنکا نے 2007 کے پہلے ایڈیشن میں کینیا کے خلاف بنایا تھا۔

255 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 18ویں اوور میں 147 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ بریڈ ایونز 5 چھکوں کی مدد سے 43 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ ڈین میرز نے 28 اور کپتان سکندر رضا نے 27 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے گداکیش موتی نے 4 اور عقیل حسین نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ ٹی20 انٹرنیشنل میں تیز ترین نصف سنچری کا عالمی ریکارڈ بھارت کے یووراج سنگھ کے پاس ہے جنہوں نے 2007 کے ٹی20 ورلڈکپ میں انگلینڈ کے خلاف 12 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی تھی۔