کولمبو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا اہم مقابلہ، بارش کے باعث میچ متاثر ہونے کا خدشہ

کولمبو: آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اہم میچ کل ہفتہ کو کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، تاہم مقابلے پر بارش کے سائے منڈلانے لگے ہیں۔

دونوں ٹیمیں سپر 8 مرحلے میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کے لیے میدان میں اتریں گی اور شائقین اس مقابلے کو نہایت اہم قرار دے رہے ہیں، لیکن سری لنکا میں جاری حالیہ میچز کی طرح اس مقابلے کے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

موسمیاتی پیشگوئی کرنے والے ادارے AccuWeather کے مطابق کولمبو میں میچ کے روز بارش کا امکان 74 فیصد تک ہے جبکہ تیز ہوائیں چلنے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے کھیل میں تعطل آ سکتا ہے۔

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین کے مطابق سپر 8 مرحلے کے میچز کے لیے کوئی اضافی دن مقرر نہیں کیا گیا۔ اگر بارش کے باعث دونوں ٹیمیں کم از کم فی اننگز پانچ اوورز بھی مکمل نہ کر سکیں تو میچ منسوخ تصور ہوگا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا۔