ٹی20 ورلڈکپ: زمبابوے کی شاندار فتح، سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست

آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ 2026 میں زمبابوے قومی کرکٹ ٹیم نے میزبان سری لنکا قومی کرکٹ ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر گروپ مرحلے میں اپنی برتری ثابت کردی۔

کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز اسکور کیے۔

پتھم نسانکا 62 اور پون رتھنائیکے 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزارابانی، بریڈ ایونز اور گریم کریمر نے دو، دو وکٹیں حاصل کر کے سری لنکن بیٹنگ لائن کو قابو میں رکھا۔

179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور حاصل کرلیا۔

برائن بینٹ 63 رنز بناکر ناقابلِ شکست رہے جبکہ کپتان سکندر رضا نے 45 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ مارومانی 34 اور ریان برل 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

اس فتح کے ساتھ زمبابوے نے گروپ مرحلے میں 4 میں سے 3 میچز جیت کر 7 پوائنٹس حاصل کیے اور ناقابلِ شکست رہتے ہوئے گروپ میں ٹاپ پوزیشن سنبھال لی، جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا تھا۔

واضح رہے کہ گروپ بی سے سری لنکا اور زمبابوے پہلے ہی سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔