لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلیئرز آکشن میں آٹھ فرنچائزز نے اپنے 16 سے 20 رکنی اسکواڈ تشکیل دینے کے لیے بھرپور بولیاں لگائیں، جہاں 800 سے زائد ملکی و غیر ملکی کھلاڑی نیلامی کے لیے پیش ہوئے اور کئی بڑے نام بھاری قیمتوں پر خریدے گئے جبکہ کچھ نمایاں کھلاڑی ان سولڈ بھی رہے۔
لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقدہ آکشن تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی آمد پر فرنچائز مالکان نے استقبال کیا جبکہ ٹیموں کو اسکواڈ مکمل کرنے کے لیے 50 کروڑ 50 لاکھ روپے کا بجٹ فراہم کیا گیا۔
آکشن کے ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے آل راؤنڈر فہیم اشرف کو 8 کروڑ 50 لاکھ روپے میں حاصل کیا جبکہ راولپنڈی فرنچائز نے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو 8 کروڑ 65 لاکھ روپے میں خرید کر مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل کرلیا۔
کراچی کنگز نے آسٹریلوی اسٹار بیٹر ڈیوڈ وارنر کو 7 کروڑ 90 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا جبکہ لاہور قلندرز نے حارث رؤف کو 7 کروڑ 60 لاکھ اور فخر زمان کو 7 کروڑ 95 لاکھ روپے میں برقرار رکھا۔
دیگر نمایاں سودوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے رائلی روسو کو 5 کروڑ 55 لاکھ روپے، کراچی کنگز کی جانب سے سلمان علی آغا کو 5 کروڑ 85 لاکھ روپے، سیالکوٹ اسٹالینز کی جانب سے صاحبزادہ فرحان کو 5 کروڑ 70 لاکھ روپے اور راولپنڈی کی جانب سے ڈیرل مچل کو 8 کروڑ 5 لاکھ روپے میں خریدنا شامل رہا۔
لاہور قلندرز نے اسامہ میر کو 3 کروڑ 50 لاکھ جبکہ پشاور زلمی نے مائیکل بریسویل اور کوشل مینڈس کو 4 کروڑ 20 لاکھ روپے میں حاصل کیا۔
کراچی کنگز نے ایڈم زیمپا کو 4 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مارک چیپمین کو 7 کروڑ روپے میں اپنے اسکواڈ میں شامل کیا۔
آکشن میں نئی فرنچائزز کی سرگرمی بھی نمایاں رہی جہاں حیدرآباد کنگزمین اور سیالکوٹ اسٹالینز نے کئی مقامی اور غیر ملکی کھلاڑیوں پر بولیاں لگائیں، جبکہ متعدد نوجوان کرکٹرز کو بھی ٹیموں نے موقع فراہم کیا۔
دوسری جانب عماد وسیم، کولن منرو، شکیب الحسن، شان مسعود، کرس جورڈن اور کچھ دیگر نمایاں نام کسی ٹیم کا حصہ نہ بن سکے۔
آکشن کے بعد تمام فرنچائزز نے اپنے اسکواڈ کی تکمیل کے لیے مزید حکمت عملی مرتب کرنا شروع کردی ہے جبکہ لیگ کے آئندہ سیزن کے لیے شائقین میں جوش و خروش بڑھ گیا ہے۔

