سیالکوٹ اسٹیلینز کا لوگو جاری، وسیم اکرم صدر مقرر

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی نئی فرنچائز سیالکوٹ اسٹیلینز نے سابق قومی کپتان وسیم اکرم کو ٹیم کا صدر مقرر کر دیا جبکہ تقریب کے دوران ٹیم کا آفیشل لوگو بھی باضابطہ طور پر جاری کر دیا گیا۔

نجی ہوٹل میں الفا اوزی اسپورٹس کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں اعلان کیا گیا کہ وسیم اکرم فرنچائز کی قیادت میں اہم کردار ادا کریں گے۔

وسیم اکرم نے آن لائن شرکت کرتے ہوئے ٹیم کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سیالکوٹ اسٹیلینز کو ایک مضبوط اور کامیاب فرنچائز بنانے کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

تقریب کے دوران پہلی مرتبہ ٹیم کا آفیشل لوگو بھی منظر عام پر لایا گیا جسے انتظامیہ نے طاقت، جذبے اور وقار کی علامت قرار دیا، جبکہ فرنچائز کے مطابق یہ شناخت شہر کی کرکٹ روایت اور شائقین کے جوش کی عکاسی کرتی ہے۔

اس موقع پر ٹیم کے ہیڈ کوچ ٹیم پین، کو اونرز حمزہ مجید اور محمد شاہد نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ اسٹیلینز لیگ میں جدید طرز کے اقدامات متعارف کرانے اور پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

الفا اوزی اسپورٹس کی چیئرپرسن صبیحہ سلطان نے خواتین کرکٹ کی ترقی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے تقریب میں شرکت کرتے ہوئے اس پیش رفت کو لیگ اور ملکی کرکٹ کے لیے مثبت قدم قرار دیا۔