ٹی20 ورلڈکپ: پاکستان نے امریکا سے پچھلی شکست کا حساب چکا دیا

کولمبو میں آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ کے گروپ اے میچ میں پاکستان نے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

امریکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاہم پاکستانی بیٹنگ لائن نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔

اوپنرز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے 54 رنز کی شراکت سے مضبوط آغاز فراہم کیا، تاہم صائم 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ کپتان سلمان علی آغا ایک رن پر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم نے اننگز کو سنبھالا، فرحان نے شاندار نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 73 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم نے 32 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیلی۔

آخری اوورز میں شاداب خان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 12 گیندوں پر 30 رنز جوڑ کر اسکور کو تقویت دی۔

امریکا کی جانب سے شیڈلے وین شاکوک نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں امریکا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز تک محدود رہی۔

شبھم رنجانے 51 رنز کے ساتھ مزاحمت کی جبکہ شایان جہانگیر 49 اور ملند کمار 29 رنز بنا کر نمایاں رہے، تاہم دیگر بلے باز پاکستانی باؤلنگ کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔

پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 3، شاداب خان نے 2 جبکہ محمد نواز، ابرار احمد اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یوں پاکستان نے نہ صرف اہم فتح سمیٹی بلکہ 2024 میں امریکا کے خلاف شکست کا حساب بھی برابر کردیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے چکا ہے جبکہ امریکا کو بھارت کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔