مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالنے کا معاملہ، بنگلا دیش کا ورلڈکپ میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کرانے پر غور
بنگلادیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو ہندو انتہاپسندوں کی دھمکیوں کے بعد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے نکالے جانے کے معاملے پر بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے سخت ردعمل دیتے ہوئے بھارت میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ میچز سری لنکا منتقل کرنے کے آپشن پر غور شروع کر دیا ہے۔
بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق، بی سی بی نے ہنگامی مشاورت کا آغاز کر دیا ہے جس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے ریلیز کرنے کے فیصلے اور اس کے سکیورٹی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
بی سی بی کے صدر امین الاسلام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر مکمل بورڈ میٹنگ بلانا ممکن نہیں تاہم متعلقہ حکام اور اداروں کے ساتھ ہنگامی سطح پر مشاورت جاری ہے۔
ان کے مطابق، مشاورت کا بنیادی مقصد صورتحال کی سنگینی کو سمجھنا اور اصل حقائق سامنے لانا ہے جبکہ کرکٹرز کی حفاظت اور سکیورٹی بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے پر مختلف متعلقہ ڈیپارٹمنٹس سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ خط لکھنے کا فیصلہ بھی کیا ہے جس میں بھارت میں سکیورٹی تحفظات پر سوالات اٹھائے جائیں گے۔
بی سی بی آئی سی سی سے مطالبہ کرے گا کہ ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران بنگلا دیشی ٹیم کے لیے مکمل اور قابلِ اعتماد سکیورٹی پلان فراہم کیا جائے۔
اجلاس میں اس نکتے پر بھی غور کیا گیا کہ اگر ایک کھلاڑی کو بھارت میں سکیورٹی نہیں دی جا سکتی تو پوری ٹیم کی حفاظت کیسے یقینی بنائی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے جواب کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا جبکہ بی سی بی آئی پی ایل انتظامیہ اور بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھی خط لکھ کر مستفیض الرحمان کو ریلیز کرنے کی تحریری وجوہات طلب کرے گا۔
اب تک بھارتی بورڈ یا آئی پی ایل انتظامیہ نے اس معاملے پر بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کو باضابطہ طور پر کچھ نہیں بتایا۔
خیال رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ہندو انتہاپسند جماعتوں اور سیاسی دباؤ کے سامنے جھکتے ہوئے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو مستفیض الرحمان کو ریلیز کرنے کی ہدایت دی تھی، جس پر شاہ رخ خان کی فرنچائز نے بنگلا دیشی فاسٹ بولر کو ٹیم سے نکال دیا۔
انتہاپسند عناصر کی جانب سے بنگلا دیشی کرکٹرز کو بھارت میں نہ کھلانے کے مطالبات بھی سامنے آئے تھے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے۔
گروپ سی میں شامل بنگلا دیش کے چار میں سے تین میچز کولکتہ اور ایک میچ ممبئی میں رکھے گئے ہیں، جبکہ پاکستان اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا۔

