لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی اسکواڈ کے نام انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ارسال کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، پی سی بی نے 15 رکنی ابتدائی اسکواڈ کے ساتھ ساتھ ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست بھی آئی سی سی کو بھجوا دی ہے۔
بورڈ کو 31 جنوری تک اسکواڈ میں تبدیلی کا اختیار حاصل ہوگا اور اس مدت کے دوران آئی سی سی کی اجازت کے بغیر ناموں میں رد و بدل کیا جا سکتا ہے، تاہم اس کے بعد کسی بھی تبدیلی کے لیے آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی سے منظوری لینا لازم ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی سری لنکا کے خلاف آئندہ سیریز میں ایک سے دو کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہتا ہے، جس کے بعد ٹی20 ورلڈ کپ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے حتمی اسکواڈ کا اعلان متوقع ہے۔
ابتدائی فہرست میں دورہ سری لنکا کے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور حارث روف کے نام بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے جبکہ پاکستان ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔

