بگ بیش لیگ: بابر اعظم کی میچ وننگ ففٹی، سڈنی سکسرز کی میلبرن رینیگیڈز کے خلاف 6 وکٹوں سے فتح

بگ بیش لیگ میں پاکستانی اسٹار بیٹر بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ وننگ نصف سنچری اسکور کی اور اپنی ٹیم سڈنی سکسرز کو میلبرن رینیگیڈز کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی دلا دی۔

میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں بابر اعظم نے 46 گیندوں پر 58 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ جوئل ڈیوس 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس فتح کے ساتھ بابر اعظم 2026 میں بگ بیش لیگ میں نصف سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بھی بن گئے، اور رواں سیزن میں یہ ان کی دوسری ففٹی ہے۔

اس سے قبل میلبرن رینیگیڈز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔

رینیگیڈز کی جانب سے جوش براؤن نے 43، حسان خان نے 39 اور جیک فریزر نے 38 رنز اسکور کیے، جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 10 گیندوں پر صرف 6 رنز بنا سکے۔

سڈنی سکسرز نے ہدف 19.1 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔