ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کی مینجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف کے حوالے سے فیصلے حتمی مراحل میں ہیں۔
ممکنہ طور پر سابق کرکٹر رمیز راجہ مینجمنٹ کے سربراہ کے طور پر کام کریں گے، جبکہ کوچنگ اسٹاف میں ہیڈ کوچ کے طور پر عبدالرزاق، اسسٹنٹ کوچ کے طور پر مشتاق احمد اور بیٹنگ کوچ کے طور پر توفیق عمر شامل ہو سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے چند مزید کرکٹرز سے دستیابی کے حوالے سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔
عبدالرزاق پہلے ہی این سی اے میں پاور ہٹنگ کوچ کی ذمہ داری نبھا چکے ہیں، توفیق عمر ویمنز ٹیم کے بیٹنگ کوچ رہ چکے ہیں اور مشتاق احمد نے ملتان سلطانز کے ساتھ اسپن کنسلٹنٹ کے طور پر کام کیا ہے۔
پی ایس ایل 11 میں ایک سال کے لیے ملتان سلطانز کے تمام معاملات پی سی بی مینجمنٹ دیکھے گی، جس کے بعد فرنچائز کی نیلامی کی جائے گی۔
اس موقع پر دو نئی ٹیموں کے لیے بھی خریداری کی جائے گی، اور نیلامی 8 جنوری کو جناح اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوگی۔
واضح رہے کہ ٹیم کے سابق مالک علی ترین نے رینیول لیٹر نہ ملنے پر ملتان سلطانز چھوڑ دی تھی اور پی ایس ایل مینجمنٹ پر تنقید بھی کی تھی۔

