انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے چیمپئنز ٹرافی میں مایوس کن کارکردگی کے بعد قیادت سے استعفیٰ دے دیا۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کی ناکامی کے بعد بطور کپتان اپنی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ بٹلر کا کہنا ہے کہ ان کی قیادت میں انگلینڈ ٹیم بہتر کھیل پیش کرنے میں ناکام رہی، جس کے باعث دونوں میچز میں ناکامی ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ہفتہ کو گروپ بی میں جنوبی افریقا کے خلاف میچ کے بعد کپتانی سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ چیمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ کو لاہور میں آسٹریلیا اور افغانستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بٹلر نے جون 2022 میں ایون مورگن کی ریٹائرمنٹ کے بعد وائٹ بال کرکٹ کی قیادت سنبھالی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ان کے اور ٹیم کے لیے بہترین وقت ہے، اور اب وہ اپنی توجہ بیٹنگ پر مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔
انگلینڈ کی قیادت کرتے ہوئے بٹلر نے 44 ون ڈے میچز میں 18 فتوحات اور 25 ناکامیاں جھیلیں، جبکہ 51 ٹی 20 میچز میں 26 میں کامیابی حاصل کی اور 22 میچز میں شکست کا سامنا کیا۔

