50ویں چیف آف آرمی اسٹاف پولو اور ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ 2025 کا شاندار اختتام، پشاور کور فاتح

لاہور کے جناح پولو فیلڈز میں چیف آف آرمی اسٹاف کی 50ویں پولو اور ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ 2025 کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورس فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تھے۔

تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ، چیف سیکریٹری پنجاب، اعلیٰ فوجی و سول حکام اور شائقینِ کھیل کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی آمد پر کور کمانڈر لاہور اور چیئرمین پاکستان پولو فیڈریشن نے ان کا استقبال کیا۔

چیمپئن شپ پاکستان آرمی کی کھیلوں سے وابستگی، نظم و ضبط اور اعلیٰ عسکری و کھیلوں کی روایات کی بھرپور عکاس رہی، جس میں مجموعی طور پر آٹھ ٹیموں نے شرکت کی اور شائقین کو سخت اور دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے۔

فائنل مقابلے میں پشاور کور نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی جبکہ گوجرانوالہ کور کی ٹیم رنرز اپ رہی۔

اختتامی تقریب کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فاتح اور شریک کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، کھیلوں کے جذبے اور ٹیم ورک کو سراہا۔