گھٹنے کی انجری: شاہین آفریدی بگ بیش لیگ سے باہر، پی سی بی نے وطن واپسی کی ہدایت کردی

پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر اور قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی گھٹنے کی انجری کے باعث آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) سے باہر ہوگئے ہیں۔

شاہین آفریدی برسبین ہیٹ کی نمائندگی کر رہے تھے اور ہفتے کے روز ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف میچ کے دوران گھٹنے میں تکلیف کا شکار ہوئے۔

انجری کے باعث وہ صرف تین اوورز کرواسکے اور 14ویں اوور کے بعد میدان چھوڑنا پڑا۔

برسبین ہیٹ کی جانب سے شاہین آفریدی کی گھٹنے کی انجری کی تصدیق کی گئی ہے، جبکہ بعد ازاں شاہین نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کی انجری کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر وطن واپس آنے کی ہدایت کی ہے۔

وہ پاکستان میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اپنا ری ہیب پروگرام مکمل کریں گے۔

ذرائع کے مطابق، شاہین آفریدی ممکنہ طور پر بدھ کو پاکستان واپس پہنچیں گے اور ان کی مکمل بحالی کے لیے خصوصی ری ہیب پلان ترتیب دیا جائے گا۔

پی سی بی ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل اسٹار فاسٹ بولر کی فٹنس کے معاملے پر کوئی خطرہ مول لینے کے لیے تیار نہیں۔

واضح رہے کہ شاہین آفریدی بگ بیش لیگ میں برسبین ہیٹ کی جانب سے چار میچز کھیل چکے ہیں۔

فاسٹ بولر نے اپنے پیغام میں برسبین ہیٹ انتظامیہ اور شائقین کی جانب سے ملنے والی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ جلد مکمل فٹ ہو کر میدان میں واپسی کریں گے۔