پی ایس ایل 10 کا شیڈول جاری، ایونٹ کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا

پی ایس ایل 10 میں 6 ٹیموں کے درمیان 34 میچز کھیلے جائیں گے، دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان پہلا میچ ہوگا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق ایونٹ کا آغاز 11 اپریل کو دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ سے ہوگا۔ یہ ایونٹ 34 میچز پر مشتمل ہوگا جو 11 اپریل سے 18 مئی تک کھیلے جائیں گے۔

لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 13 میچوں کی میزبانی کرے گا، جن میں 2 ایلیمنیٹرز اور فائنل بھی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ 8 اپریل کو پشاور میں ایک نمائشی میچ بھی کھیلا جائے گا، جس کی دونوں ٹیموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم پر ہوں گے، جہاں راولپنڈی میں 11 میچز، کراچی اور ملتان میں 5، 5 میچز کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ میں 3 ڈبل ہیڈرز بھی ہوں گے، جن میں 2 میچ ویک اینڈ اور ایک یوم مئی کی تعطیل پر ہوگا۔

کراچی کنگز اپنی مہم کا آغاز 12 اپریل کو ملتان سلطانز کے خلاف کراچی میں کرے گی، جبکہ ملتان سلطانز 22 اپریل کو لاہور قلندرز کے ساتھ پی ایس ایل 10 کا پہلا میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔