سری لنکا کے خلاف ٹی20 سیریز: پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان، سلمان علی آغا کپتان مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے قومی ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں سلمان علی آغا کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

اس سیریز میں وکٹ کیپر بلے باز خواجہ محمد نافع کو پہلی بار ٹی20 اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ شاداب خان کی کندھے کی سرجری کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

اس کے برعکس بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔

اعلان کردہ اسکواڈ میں سلمان علی آغا، عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، خواجہ محمد نافع، محمد نواز، محمد سلمان مرزا، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، شاداب خان، عثمان خان اور عثمان طارق شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم 4 اور 5 جنوری 2026 کو مرحلہ وار سری لنکا روانہ ہوگی، جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی20 انٹرنیشنل میچز 7، 9 اور 11 جنوری کو دمبولا میں کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ یہ سیریز آئندہ ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ کے انتخاب میں اہم کردار ادا کرے گی۔

دوسری جانب، پی سی بی نے ٹیم مینجمنٹ کا بھی اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق نوید اکرم چیمہ ٹیم منیجر ہوں گے، مائیک ہیسن وائٹ بال ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، ایشلے نوفکی بولنگ کوچ، محمد حنیف ملک بیٹنگ کوچ اور شین مکڈرموٹ فیلڈنگ کوچ ہوں گے۔

کلف ڈیکن فزیوتھراپسٹ، گرانٹ لوڈن اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ، طلحہ اعجاز ٹیم اینالسٹ اور سید نعیم احمد ٹیم کے میڈیا منیجر ہوں گے۔