زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں کھیلے گئے انڈر19 سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان انڈر19 ٹیم نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔
افغانستان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 226 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
عثمان صادات 75 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کپتان محبوب خان نے 49 اور فیصل شینوزادا نے 31 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے عثمان خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، محمد صیام اور دانیال علی خان نے 2، 2 جبکہ احمد حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستان کو 227 رنز کا ہدف ملا، جس کے تعاقب میں کپتان فرحان یوسف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 65 رنز بنائے، تاہم ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا۔
ایک موقع پر پاکستان کی 9 وکٹیں 201 رنز پر گرچکی تھیں اور شکست یقینی دکھائی دے رہی تھی، مگر وکٹ کیپر بیٹر حمزہ ظہور نے شاندار اعصاب شکن اننگز کھیلتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
حمزہ ظہور نے صرف 51 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 68 رنز اسکور کیے اور تین گیندیں قبل پاکستان کو یادگار فتح دلا دی۔
افغانستان کی جانب سے سلام خان نے 4 اور زیت اللہ شاہین نے 2 وکٹیں حاصل کیں، تاہم ان کی کوششیں ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان نے سہ ملکی سیریز میں اعتماد کے ساتھ پیش قدمی جاری رکھی۔

