میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے دوسرے ہی روز انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر 15 برس بعد آسٹریلوی سرزمین پر ٹیسٹ فتح حاصل کرلی۔
اس کامیابی کے ساتھ پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں انگلینڈ نے اپنا خسارہ 3-1 کر دیا۔
دوسرے دن آسٹریلوی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 132 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جس کے جواب میں انگلینڈ نے 175 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر 33ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ نے 46 اور کپتان اسٹیو اسمتھ نے 24 رنز بنائے، جبکہ انگلینڈ کے برائیڈن کارس نے 4، بین اسٹوکس نے 3 اور جوش ٹنگ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں جیکب بیتھل نے 40، زیک کرالی نے 37 اور بین ڈکٹ نے 34 رنز بنا کر نمایاں کردار ادا کیا، جبکہ ہیری بروک 18 اور جیمی اسمتھ 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے جھائے رچرڈسن، اسکاٹ بولینڈ اور مچل اسٹارک نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ ایشز کی تاریخ میں اسٹیو اسمتھ کی کپتانی میں آسٹریلیا کی پہلی شکست بھی رہی، جبکہ میچ دو دن میں ختم ہونے والا سیریز کا دوسرا ٹیسٹ ثابت ہوا۔

