آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کے چوتھے اور باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں پہلے ہی دن غیرمعمولی سنسنی دیکھنے میں آئی جب مجموعی طور پر 20 وکٹیں گر گئیں، جس کے باعث میچ کے مکمل پانچ دن تک جاری رہنے کے امکانات کم ہوگئے۔
میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 152 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
جواب میں انگلینڈ کی بیٹنگ لائن بھی لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم محض 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، یوں آسٹریلیا کو 42 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
دن کے اختتام پر میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 4 رنز بنا کر مجموعی برتری 46 رنز تک پہنچا دی۔
دوسرے دن کا کھیل پاکستانی وقت کے مطابق ہفتہ کی صبح 4 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ایشز سیریز میں آسٹریلیا کو انگلینڈ کے خلاف 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، اس سے قبل کینگروز نے پہلے دو ٹیسٹ 8، 8 وکٹوں سے جبکہ تیسرے ٹیسٹ میں 82 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
باکسنگ ڈے ٹیسٹ اگر وقت سے پہلے ختم ہوا تو کرکٹ آسٹریلیا کو مالی نقصان کا بھی سامنا ہوسکتا ہے کیونکہ ماضی میں ایسا ہونے پر شائقین کو ٹکٹس واپس کرنا پڑے تھے، جبکہ سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ 4 سے 8 جنوری 2026 تک سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

