لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں دو نئی ٹیموں کی فروخت کے لیے جاری ٹینڈر کے غیر معمولی اور حوصلہ افزا نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق، مقررہ تاریخ کے اندر مجموعی طور پر 12 پارٹیوں نے باضابطہ بڈز جمع کروائیں، جو دنیا کے پانچ براعظموں سے تعلق رکھتی ہیں جن میں پاکستان، امریکا، آسٹریلیا، کینیڈا اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ عالمی سطح پر پی ایس ایل کی مقبولیت، اعتماد اور کاروباری کشش کا واضح ثبوت ہے۔
پی سی بی کے مطابق، بڈنگ کے ابتدائی مرحلے کے نتائج کا اعلان 27 دسمبر کو کیا جائے گا، جس کے بعد ٹیکنیکلی کوالیفائیڈ بڈرز کو 8 جنوری کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں اوپن کمپیٹیشن بڈنگ کے ذریعے دو نئی ٹیمیں خریدنے کا موقع دیا جائے گا۔
نئی فرنچائزز کی 10 سالہ ملکیت 2026 سے 2035 تک ہوگی۔ کامیاب بولی دہندگان فیصل آباد، راولپنڈی، حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد اور گلگت میں سے کسی ایک شہر کے نام پر ٹیم رکھنے کے اہل ہوں گے، جبکہ فہرست سے ہٹ کر نام تجویز کرنے کی صورت میں بورڈ کی منظوری اور ایک ملین ڈالر فیس درکار ہوگی۔
پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ نئی ٹیموں کے نام میں کمرشل یا موجودہ فرنچائزز کے لاحقے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ ساتویں اور آٹھویں ٹیم کو پی ایس ایل 11 سے اگلے پانچ ایڈیشنز تک کم از کم 85 کروڑ روپے سینٹرل پول انکم گارنٹی دی جائے گی۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ 2026 سے 3 مئی تک منعقد ہوگا، جس میں پہلی بار 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
پی سی بی اس پورے عمل کو شفاف، مسابقتی اور عالمی معیار کے مطابق مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہے تاکہ لیگ کی مزید توسیع اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

