آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل دورۂ سری لنکا کے لیے پاکستانی ٹی20 ٹیم کے اعلان کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں اور قومی اسکواڈ کا اعلان جلد متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق، سلیکٹرز نے کھلاڑیوں کے انتخاب پر مشاورت شروع کر رکھی ہے جبکہ سری لنکا کے خلاف تین میچز پر مشتمل ٹی20 سیریز 7، 9 اور 11 جنوری کو دمبولا میں کھیلی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فٹنس مسائل سے نجات پانے اور بگ بیش لیگ میں متاثرکن کارکردگی دکھانے والے آل راؤنڈر شاداب خان کی ٹیم میں واپسی یقینی سمجھی جا رہی ہے۔
فاسٹ بولر حارث رؤف کے نام پر بھی غور جاری ہے، جنہیں حالیہ سیریز میں ڈراپ کیا گیا تھا۔
دوسری جانب، شاہین شاہ آفریدی، بابر اعظم، محمد رضوان، حسن علی اور حارث رؤف کو بگ بیش لیگ کے مکمل میچز کے لیے این او سی دیے جانے کے باعث دورۂ سری لنکا میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق، عبدالصمد، معاذ صداقت اور فاسٹ بولر احمد دانیال سمیت دیگر ابھرتے ہوئے پرفارمرز کے نام زیر غور ہیں۔
پی سی بی کو ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی اسکواڈ کی فہرست بھی 7 جنوری تک جمع کرانی ہے، جس میں یکم فروری تک تبدیلی کی گنجائش ہوگی۔
واضح رہے کہ بھارت اور سری لنکا پہلے ہی ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیموں کا اعلان کر چکے ہیں جبکہ یہ میگا ایونٹ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔

