سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر آف ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے اپنے فاسٹ بولرز کی تربیت اور رہنمائی کے لیے پاکستان سے رابطہ کیا گیا ہے۔
عاقب جاوید کے مطابق، یہ رابطہ پی سی بی کے اوورسیز پلیئرز پروگرام کے ذریعے کیا گیا، جس کے تحت دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو پاکستان میں کوچنگ اور ٹریننگ کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
پی سی بی کے آفیشل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے پاکستان کرکٹ کے مستقبل، ہائی پرفارمنس اسٹرکچر اور تربیتی نظام پر تفصیل سے بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت حال ہی میں نیدرلینڈز اور انگلینڈ کے کھلاڑی پاکستان آئے اور یہاں جدید کوچنگ سہولیات سے استفادہ کیا۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام مستقبل میں مزید وسعت اختیار کرے گا اور عالمی سطح پر پاکستان کے کوچنگ ماڈل کو متعارف کرائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں خود کو مسلسل چیلنج کرنا ہوگا تاکہ یہ جان سکیں کہ بین الاقوامی سطح پر ہمارے کوچز اور ہمارا نظام کس حد تک مضبوط ہے۔
عاقب جاوید کے مطابق، اسی تناظر میں بھارت کی جانب سے بھی فون کالز موصول ہوئیں جن میں فاسٹ بولرز کی رہنمائی کی درخواست کی گئی۔
پوڈکاسٹ کے دوران، میزبان کی جانب سے پاک بھارت کرکٹ تعلقات پر تبصرے پر عاقب جاوید نے مسکراتے ہوئے کہا کہ عام لوگوں کی سوچ اور بیوروکریسی کا انداز اکثر مختلف ہوتا ہے۔

