شاداب خان کی تباہ کن بولنگ، سڈنی تھنڈر کی بگ بیش لیگ میں پہلی جیت

کینبرا: پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان نے ٹی20 ورلڈکپ سے قبل اپنی فارم کا واضح اعلان کرتے ہوئے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) سیزن 15 میں سڈنی تھنڈر کو پہلی کامیابی دلا دی۔

پیر کو مانوکا اوول میں کھیلے گئے میچ میں سڈنی تھنڈر نے برسبین ہیٹ کو 34 رنز سے شکست دی، جہاں میچ کا فیصلہ کن لمحہ شاداب خان کی تباہ کن لیگ اسپن بولنگ ثابت ہوئی۔

سڈنی تھنڈر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مضبوط آغاز حاصل کیا۔ اوپنرز سیم کونسٹس اور میتھیو گلکس نے سنچری شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو بڑے اسکور کی بنیاد فراہم کی اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔

سیم کونسٹس نے 45 گیندوں پر 63 رنز اسکور کیے جن میں 8 چوکے شامل تھے، جبکہ میتھیو گلکس نے 48 گیندوں پر 76 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

آخری اوورز میں وکٹ کیپر بیٹر سیم بلنگز نے 11 گیندوں پر 25 رنز بنا کر اسکور کو مزید مستحکم کیا، جس میں 2 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

برسبین ہیٹ کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوورز میں 35 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، جبکہ جیک وائلڈرمتھ نے دو اور میتھیو کوہن مین نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

ہدف کے تعاقب میں، برسبین ہیٹ کی بیٹنگ دباؤ میں نظر آئی اور ٹیم 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز ہی بنا سکی۔

کوئی بھی بیٹر نصف سنچری اسکور نہ کر سکا، جس کی بنیادی وجہ شاداب خان کی شاندار اسپن بولنگ تھی۔

شاداب خان نے ٹاپ آرڈر کو نشانہ بناتے ہوئے کولن منرو، جیک وائلڈرمتھ اور میٹ رینشاؤ کی اہم وکٹیں حاصل کیں۔ ہیو ویبن نے 26 گیندوں پر 30 رنز اور میکس برائنٹ نے 18 گیندوں پر 25 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی، تاہم یہ کوششیں ناکافی ثابت ہوئیں۔

میچ کے اختتام پر شاداب خان سڈنی تھنڈر کے نمایاں کھلاڑی قرار پائے۔

انہوں نے 4 اوورز میں صرف 24 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کو سیزن کی پہلی فتح دلوائی۔

اس شاندار کارکردگی کے بعد سوشل میڈیا پر شاداب خان کی قومی ٹیم میں آئندہ سال کے ٹی20 ورلڈکپ کے لیے شمولیت پر بحث تیز ہو گئی ہے۔