پی ایس ایل 11: غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا آغاز، دو نئی ٹیموں کی نیلامی 8 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کی آخری تاریخ 20 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق، ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک کیا جائے گا، جس میں لیگ کو توسیع دیتے ہوئے دو نئی فرنچائزز شامل کی جا رہی ہیں اور یوں یہ ایونٹ پہلی بار آٹھ ٹیموں پر مشتمل ہوگا۔
پی سی بی نے بتایا ہے کہ نئی ٹیموں کی نیلامی 8 جنوری کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگی، جسے براہِ راست نشر کیا جائے گا۔
نیلامی کے لیے بیس پرائس 40 لاکھ ڈالرز مقرر کی گئی ہے جبکہ بولی میں حصہ لینے والوں کے لیے 2 لاکھ ڈالرز بطور سیکیورٹی ڈپازٹ جمع کرانا لازم ہوگا۔
حکام کے مطابق، لیگ میں توسیع کا مقصد مقابلوں کے معیار کو مزید بہتر بنانا اور مقامی و غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے۔
پی ایس ایل 11 میں میچز اور ٹیموں کی تعداد بڑھنے سے شائقین کرکٹ کو بھی زیادہ سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

