انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان نے بنگلا دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی

انڈر 19 ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلا دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

دبئی میں کھیلے گئے ناک آؤٹ مقابلے میں پاکستان نے 122 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 69 رنز ناٹ آؤٹ بنائے اور میچ کے ہیرو رہے۔ عثمان خان 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ احمد حسین 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلا دیش کی جانب سے اقبال حسین ایمان اور سمیع النبصیر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل بارش کے باعث 27،27 اوورز تک محدود کیے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلا دیش کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 26.3 اوورز میں 121 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

سمیع النبصیر 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کپتان عزیز الحکیم نے 20 رنز بنائے۔

دیگر کھلاڑیوں میں رفعت بیگ 14، شیخ پرویز جبون 9، جواد ابرار 9، کلام صدیقی 8، فرید حسن 7، محمد عبداللہ 5، ایم ڈی سوبج 2 اور سعد اسلام صفر پر آؤٹ ہوئے، اقبال حسین ایمان ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، حذیفہ احسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ علی رضا، محمد صیام اور احمد حسین نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

واضح رہے کہ پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، اب انڈر 19 ایشیا کپ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار 21 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔