پاکستان کیلئے کھیلوں کے میدان میں تاریخی سنگِ میل، آمنہ بتول فیفا کمیٹی کی رکن مقرر

پاکستان نے کھیلوں کے میدان میں ایک اہم اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے، جہاں رکن قومی اسمبلی سیدہ آمنہ بتول کو فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی معزز ادارہ جاتی اصلاحات کمیٹی کا رکن مقرر کر دیا گیا ہے۔

وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق، یہ تقرری نہ صرف پاکستان کیلئے سفارتی اور کھیلوں کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت ہے بلکہ فیفا کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کی تجدید بھی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سیدہ آمنہ بتول اس وقت فیفا کی مختلف کمیٹیوں میں پاکستان کی واحد نمائندہ ہیں، اور ان کی شمولیت عالمی فٹبال گورننس میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کے اعتراف کی علامت ہے۔

وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے فٹبال کے فروغ، شفافیت اور میرٹ پر مبنی نظام کے قیام کیلئے واضح سیاسی عزم کا مظاہرہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں یہ تاریخی تقرری ممکن ہوئی۔

آمنہ بتول کی فیفا کمیٹی میں شمولیت سے پاکستان عالمی فٹبال برادری میں ایک باوقار، معتبر اور ذمہ دار رکن کے طور پر ابھرے گا، جبکہ ادارہ جاتی اصلاحات کے عمل کو مضبوط بنانے میں بھی پاکستان کا کردار نمایاں ہوگا۔