بی بی ایل اور دورہ سری لنکا، پاکستانی کھلاڑیوں سے متعلق بڑا فیصلہ

پاکستان کو ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں جنوری 2026 میں تین ٹی20 میچز کے لیے سری لنکا کا دورہ کرنا ہے، تاہم اس دوران بگ بیش لیگ  (بی بی ایل) کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کی دستیابی سے متعلق خدشات پر کرکٹ آسٹریلیا نے وضاحت جاری کر دی ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے تصدیق کی ہے کہ بگ بیش لیگ میں شامل پاکستانی کھلاڑیوں کو مکمل سیزن کھیلنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

ٹوڈ گرین برگ کے مطابق، جن پاکستانی کھلاڑیوں کے بی بی ایل کے ساتھ معاہدے ہو چکے ہیں وہ پورا سیزن کھیلیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی20 سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی، تاہم اس سیریز کی حتمی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ٹوڈ گرین برگ کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو سیکیورٹی سمیت تمام امور سے آگاہ رکھا جائے گا، اور وہ خود 2022 میں کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان جا چکے ہیں جہاں ان کا تجربہ مثبت رہا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی20 میچز 7، 9 اور 11 جنوری کو شیڈول ہیں، جبکہ بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور حارث رؤف سمیت متعدد پاکستانی کرکٹرز اس وقت آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں حصہ لے رہے ہیں، جس کے باعث بی بی ایل کا مکمل سیزن کھیلنے سے متعلق خدشات سامنے آئے تھے جو اب ختم ہو گئے ہیں۔