انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان نے یو اے ای کو 70 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ مرحلے کے اہم میچ میں متحدہ عرب امارات کو 70 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے۔ احمد حسین نے 65 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ سمیر منہاس 44 اور حمزہ ظہور 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

یو اے ای کی جانب سے یوگ شرما نے 3 اور نسیم خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم 38ویں اوور میں 171 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ایان مصباح نے 77 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جبکہ پرتھوی مدھو نے 27 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اس فتح کے ساتھ پاکستان نے ایونٹ کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی۔