گیولنگ میں کھیلے گئے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے میچ میں پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور اسٹار بیٹر محمد رضوان کا ڈیبیو یادگار ثابت نہ ہو سکا۔
برسبین ہیٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے اپنے پہلے ہی میچ میں مایوس کن کارکردگی دکھائی اور 2 اعشاریہ 4 اوورز میں 43 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ ان کی بولنگ میں تین نو بالز اور دو وائیڈز شامل رہیں۔
اننگز کے 18ویں اوور میں شاہین آفریدی نے دو کمر سے اونچی فل ٹاس گیندیں کرائیں، جنہیں امپائرز نے خطرناک بیمرز قرار دیتے ہوئے انہیں مزید بولنگ کرانے سے روک دیا، جس کے بعد برسبین ہیٹ کے کپتان نیتھن میک سویینی کو اوور مکمل کرنا پڑا۔
دوسری جانب، میلبورن رینیگیڈز کی جانب سے بی بی ایل ڈیبیو کرنے والے محمد رضوان بھی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے اور نمبر تین پر بیٹنگ کرتے ہوئے 10 گیندوں پر صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
میچ میں میلبورن رینیگیڈز نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز کا بڑا مجموعہ بنایا، جہاں ٹم سیفرٹ نے 56 گیندوں پر شاندار 102 رنز جبکہ اولی پیک نے 29 گیندوں پر 57 رنز اسکور کیے۔
یوں پاکستانی اسٹارز کے لیے بی بی ایل کا آغاز مشکلات بھرا ثابت ہوا۔

