انڈر 19 ایشیا کپ: بھارت نے پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے دی

دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے دی۔

بارش کے باعث ٹاس تاخیر سے ہوا اور میچ کو 49 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.1 اوورز میں 240 رنز بنائے، جواب میں پاکستان کی ٹیم 150 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے آرون جارج نے 85 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، آیوَش مہاترے نے 38 اور کنیسک چوہان نے قیمتی 46 رنز بنائے۔

پاکستان کے بولرز میں محمد سیام اور عبدالسبحان نے تین، تین جبکہ نقب شفیق نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے حذیفہ احسن نے 70 رنز کے ساتھ مزاحمت کی تاہم دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

بھارت کے دیپیش دیوندراں نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں 16 رنز کے عوض حاصل کیں، جبکہ کنیسک چوہان اور کِشان سنگھ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دیپیش دیوندراں کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں ملائیشیا اور بھارت نے یو اے ای کو شکست دی تھی۔